جموں:20/مارچ(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)وادی کشمیر کو ملک کے دیگر حصوں سے جوڑنے والی واحد سڑک جموں -سری نگر قومی شاہراہ یک طرفہ گاڑیوں کے لیے کھلی رہے گی۔پیر کو جموں سے سری نگر کے لیے گاڑیوں کی آمدورفت شروع ہوگئی۔اسی درمیان، حکام نے سڑک رابطے کو بحال کرنے کے لیے راستہ سے برف ہٹانے کا کام تیزی سے شروع کر دیا ہے، اس کے ساتھ ہی حقیقی کنٹرول لائن سے متصل اور دور افتادہ علاقوں کے درجنوں گاؤں جو کہ گزشتہ تین ماہ سے اپنے اپنے ضلع ہیڈ کوارٹروں سے کٹے رہے ہیں، ان کا رابطہ بھی بحال کرنے کے لیے بھی مہم تیز کر دی گئی ہے۔جنوبی کشمیر میں شوپیاں کو جموں ڈویژن میں پونچھ اور راجوری اضلاع سے جوڑنے والے تاریخی مغل روڈ سے برف ہٹانے کا کام بھی شروع کر دیا گیا ہے۔اگر اگلے چند دنوں کے دوران موسم صاف رہا اور برف باری نہیں ہوئی تو اس کے اگلے دو ہفتوں میں کھلنے کا امکان ہے۔